کراچی ایئر پورٹ سے سیاسی پناہ کے ویزوں پر امریکا جانے والی 2 خواتین سمیت 4 افغان گرفتار

کراچی (پبلک پوسٹ) کراچی ایئر پورٹ پر امیگریشن حکام نے سیاسی پناہ کے ویزوں پر امریکا جاتے ہوئے 2 خواتین سمیت 4 افغان باشندوں کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ 4 مسافر افغانی پاسپورٹ پر سیاسی پناہ کے ویزوں پر امریکا جا رہے تھے۔

امیگریشن کلیئرنس کے دوران انہیں سفری دستاویزات کی تصدیق کے لیے جنرل ری چیکنگ آفیسر کے پاس بھیجا گیا، جہاں جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ چاروں مسافر 4 دسمبر 2024ء کو افغانستان سے بذریعہ طورخم بارڈر پاکستان آئے تھے، ان کے پاس علاج معالجے کے لیے پاکستان کا میڈیکل ویزا تھا۔

امیگریشن حکام کے مطابق تمام مسافر پاکستان میں اپنے علاج، طبی نسخے، اسپتال یا ڈاکٹرز کے بارے میں تسلی بخش جواب یا ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکے۔ انہوں نے بتایا کہ معاون دستاویزات کی عدم فراہمی پر مسافروں نے رضاکارانہ طور پر تسلیم کیا کہ وہ اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے سے امریکا کا ویزا حاصل کرنے کے لیے پاکستان آئے تھے۔

تفتیش میں مزید انکشاف ہوا کہ انہوں نے پاکستانی ویزوں کے حصول کے لیے پرانی جعلی دستاویزات کا استعمال کیا، جس پر انہیں آف لوڈ کر کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق شواہد کی بنیاد پر چاروں افغان باشندوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔

Check Also

عمران خان کو رہا کیے بغیر سیاسی استحکام ممکن نہیں، وزیراعلیٰ کے پی

پشاور(پبلک پوسٹ)وزیراعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ الزام ہے کہ ہمارے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے