دفتر خارجہ نے علاقائی امن سے متعلق بھارتی وزیراعظم کے گمراہ کن بیان کو مسترد کردیا

اسلام آباد(پبلک پوسٹ)ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کشمیر سے متعلق بھارتی وزیراعظم کے بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مظلومیت کا فرضی بیانیہ پاکستانی سرزمین پر دہشتگردی کو ہوا دینے اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو چھپا نہیں سکتا۔

امریکی پوڈ کاسٹر لیکس فریڈمین کے ساتھ پوڈ کاسٹ کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ریمارکس سے متعلق میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر سے متعلق مودی کے تبصرے گمراہ کن اور یکطرفہ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے تنازع کو آسانی سے نظر انداز کر دیتے ہیں، جو بھارت کی جانب سے گزشتہ 7 دہائیوں سے اقوام متحدہ، پاکستان اور کشمیری عوام کو یقین دہانیوں کے باوجود حل طلب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا مظلومیت کا فرضی بیانیہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کو ہوا دینے اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور بھارت کے ریاستی جبر کو چھپا نہیں سکتا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے بیرون ممالک میں ٹارگٹ کلنگ، تخریب کاری اور دہشت گردی کے اپنے ریکارڈ پر غور کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے بنیادی تنازع سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے تعمیری روابط اور نتیجہ خیز مذاکرات کی وکالت کی ہے تاہم، جنوبی ایشیا میں امن و استحکام بھارت کے سخت نقطہ نظر کی وجہ سے یرغمال بنا ہوا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سے نکلنے والا پاکستان مخالف بیانیہ دو طرفہ ماحول کو خراب کرتا ہے اور یہ بیانات سے امن اور تعاون کے امکانات کو متاثر کرتا ہے، یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

Check Also

فراز الرحمن کاگرین ویلی پروجیکٹ اور دعا بلڈرز سے اظہار لاتعلقی

کراچی(پبلک پوسٹ)دعا بلڈرز کے تعمیراتی پروجیکٹ گرین ویلی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *