ملائیشیا؛ کرپشن الزامات پر آرمی چیف کوجبری رخصت پر بھیج دیا گیا؛ تحقیقات شروع

ملائیشیا کے آرمی چیف جنرل تن سری محمد حافظ الدین جنتن کو کرپشن اور منی لانڈرنگ الزامات کی تحقیقات تک رخصت پر بھیج دیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کی وزارتِ دفاع نے آرمی چیف جنرل تن سری محمد حافظ الدین جنتن کو فوری طور پر رخصت پر بھیجنے کی ہدایت جاری کر دی۔

مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ یہ معاملہ تب شروع ہوا جب سماجی کارکن بدر الحشام شہران المعروف چیگو برد نے مسلح افواج کے ایک سینئر افسر پر منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے۔

جس کے بعد ملائیشین اینٹی کرپشن کمیشن (ایم اے سی سی) کے سربراہ تن سری اعظم باقی نے بھی تصدیق کی کہ ایکٹ 2009 کی دفعہ 17(a) کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔

ایم اے سی سی کے افسران نے فوج کے تحت ہونے والے پروکیورمنٹ منصوبوں خصوصاً اوپن ٹینڈر کے ذریعے کیے گئے منصوبوں کی باریکی سے جانچ پڑتال کی۔

جانچ پڑتال میں 2023 سے 2025 کے درمیان 5 لاکھ رنگٹ سے زائد مالیت کے 158 منصوبے اور اس حد سے کم مالیت کے 4,521 منصوبے سامنے آئے ہیں۔

ابتدائی نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ چند کمپنیاں بار بار اعلیٰ مالیت کے ٹھیکے حاصل کر رہی تھیں جس پر تفتیشی افسران نے خدشات کا اظہار کیا۔

24 دسمبر تک ایم اے سی سی نے تین اعلیٰ فوجی افسران سے پوچھ گچھ کی اور ان کے بیانات ریکارڈ کیے تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔

تحقیقات جاری ہیں اور متعلقہ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ چھان بین کی جائے گی۔

جس کے بعد تازہ پیشرفت میں وزارت دفاع نے کہا ہے کہ آرمی چیف کو جبری رخصت پر اس لیے بھیجا گیا تاکہ منی لانڈرنگ سے متعلق ان پر عائد الزامات کی تحقیقات بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کی جا سکیں۔

وزیرِ دفاع داتوک سری محمد خالد نوردین نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ انتظامی اقدام مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے اور تحقیقات کے شفاف اور مؤثر انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

علاہ ازیں جنرل تن سری محمد نظام جعفر کی لازمی ریٹائرمنٹ کے بعد نیوی کمانڈر ایڈمرل تن سری ذوالحلمی اثنین کو فوری طور پر ملائیشین مسلح افواج کا قائم مقام سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

وزارتِ دفاع نے جنرل محمد نظام جعفر کی خدمات، قیادت اور مدتِ ملازمت کے دوران دی گئی اہم شراکتوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی ریٹائرمنٹ کے معاملات کی خوش اسلوبی سے تکمیل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Check Also

برازیل سے تعلق رکھنے والی پہلی مس یونیورس انتقال کرگئیں

برازیل کی پہلی مس یونیورس آئیدا ماریا وارگاس انتقال کرگئیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق انہیں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *