جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں دو پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹائٹل جیت لیا

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے فیصلے کے برخلاف اسکاٹ لینڈ اوپن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے دو پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹائٹل جیت لیے۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والے محمد سہیل عدنان نے بوائز انڈر 15 اور محمد مصطفیٰ خان نے بوائز انڈر 13 ایونٹ اپنے نام کیا۔

اطلاعات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ میں منعقدہ چیمپےن شپ کے بوائز انڈر 15 ایونٹ میں ٹاپ سیڈ محمد سہیل عدنان نے سیڈ 2 چین کے یوان زی لیو کو ایک آسان مقابلے کے بعد مات دی۔

محمد سہیل عدنان نے پہلا گیم 5-11 سے جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں 9-11 سے کامیابی پائی۔ تیسرے گیم میں سہیل عدنان کو 7-9 کی سبقت حاصل تھی کہ اس مرحلے پر ان کے حریف ریٹائرڈ ہرٹ کی بنیاد پر مقابلے سے دستبردار ہوگئے۔ سہیل عدنان نے سیمی فائنل میں سیڈ 3 قطر کے عمر فراغ کو شکست دی تھی۔

پاکستان کے دوسرے کھلاڑی محمد مصطفیٰ خان نے بوائز انڈر 13 کے فائنل میں سیڈ 2 ہانگ کانگ، چائنا کے نکولس من سو چو کو کوئی گیم ہارے بغیر 0-3 سے زیر کیا۔ کوالیفائر محمد مصطفیٰ خان نے پہلا گیم 3-11 سے جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں7-11 میں فتح حاصل کی اور پھر تیسرا گیم 5-11 سے جیت کر چیمپئن بن گئے۔ انہوں نے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ کھلاڑی ملائیشیا کے احمد نظرل کو 0-3 سے ہرایا تھا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے دستبرداری کے باوجودایک درجن سے زائد قومی کھلاڑی اسکاٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں شریک ہوئے۔ عمر میں شک کے باعث کھلاڑیوں کی کیٹیگریز تبدیل کرنے پر پاکستان اسکواش فیڈریشن نے یو ایس جونیئر اوپن، اسکاٹش جونیئر اور برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ قبل ازیں متعدد کھلاڑیوں نے فیڈریشن کے حکم کے برخلاف یو ایس جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں بھی شرکت کی تھی۔

Check Also

شاہین شاہ بی بی ایل میں انجری کا شکار، پی سی بی کا وطن واپس بلانے کا فیصلہ

بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *