پاکستان کے خام تیل سے لدے آئل ٹینکر نے آبنائے ہرمز عبور کرلیا: بلوم برگ

بین الاقوامی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ خام تیل سے لدا ایک آئل ٹینکر آبنائے ہرمز عبور کرکے پاکستان کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔

بلوم برگ نے پیر کو ایک رپورٹ میں جہازوں کی نقل و حرکت کے ڈیٹا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے زیرِ کنٹرول آئل ٹینکر ’کراچی‘ نے اتوار کے روز خطرات سے بھرپور سفر کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو عبور کیا۔

رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح پاکستان کے پرچم بردار ’افرا میکس‘ ٹینکر کو عمان کے شہر صحار کے قریب سمندری حدود میں دیکھا گیا۔

بلوم برگ کے مطابق پی این ایس سی اور پاکستان کی وزارتِ پیٹرولیم نے اس حوالے سے تبصرے کی درخواست اور سوالات پر فوری ردعمل نہیں دیا۔

شپ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق 2022 میں تیار کیا گیا آئل ٹینکر کراچی آبنائے ہرمز عبور کرتے ہوئے ایران کے جزیرے لارک کے اطراف سے گزرا، بعد ازاں یہ ایران کے ساحل کے قریب مشرق کی جانب سفر کرتا رہا اور اتوار کی شام آبنائے ہرمز عبور کر گیا۔

واضح رہے کہ دنیا کے تقریباً 20 فیصد خام تیل اور ایل این جی کی ترسیل آبنائے ہرمز سے ہوتی ہے۔

ایران کی جانب سے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے ردعمل میں امریکا اور اتحادیوں کو معاشی نقصان پہنچانے کی کوششوں کے باعث اس تنگ آبی گزرگاہ میں نقل و حرکت محدود ہو چکی ہے۔

ایرانی حکام نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے امریکی اور اتحادی ممالک کے جہازوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ دوست ممالک کے تجارتی جہازوں کو نقصان نہیں پہنچائے گا۔

اس آبی گزرگاہ کی بندش اور جہازوں پر حملوں کے خوف کے باعث اس کے اثرات عالمی معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

Check Also

ٹیکس چوری کا بڑا کیس: رائل ٹیکسٹائل کے مالک سمیت تین کلیئرنگ ایجنٹس کے کردار کی تحقیقات تیز

کمپنی مالک محمد اسماعیل ، کلیئرنگ ایجنٹس نجمی زرغم (ایم/ایس جنید قمر انٹرپرائزز)، ہاؤس آف …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *