کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ کے بند سرونٹ کوارٹر سے اسلحہ برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں سے ایک زنگ آلود سب مشین گن (ایس ایم جی) اور 40 سے زائد گولیاں ملی ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ کلفٹن بلاک 8 میں واقع یوسف آرکیڈ میں پیش آیا، جہاں اپارٹمنٹ یونین کی جانب سے ایک طویل عرصے سے بند سرونٹ کوارٹر کا تالا کھولا گیا۔ تلاشی کے دوران وہاں سے مذکورہ اسلحہ برآمد ہوا، جس پر فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا گیا۔
ایس ایچ او کلفٹن، نصیر تنولی کے مطابق، فلیٹ پہلے ایک خاتون کی ملکیت تھا جو سن 2014 میں اسے فروخت کرکے منتقل ہو گئی تھیں۔ پولیس اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ فلیٹ کس شخص کو فروخت کیا گیا تھا، جس کے لیے اپارٹمنٹ یونین سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی زنگ آلود ایس ایم جی پر درج نمبر کی مدد سے اس کے لائسنس اور ملکیت کا سراغ لگانے کی کوشش جاری ہے، تاکہ اسلحے کے پس منظر اور ممکنہ استعمال کے حوالے سے حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
THE PUBLIC POST