گوشت کھانے والوں پر کی گئی ریسرچ کے نتائج نے سب کو حیران کر دیا

چین کے تین معروف اداروں کے ماہرین نے گوشت کھانے والوں پر تحقیق کی جس کے نتائج نے سب کو حیران کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں ہونے والی حالیہ تحقیق میں کہا گیا کہ 80 سال یا اس سے زائد عمر کی جو خواتین گوشت کھاتی ہیں ان کے 100 سال کی عمر تک پہنچنے کے امکانات سبزی کھانے والی خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہوتے ہیں، لیکن مردوں میں ایسا کوئی فرق نہیں دیکھا گیا۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ یہ فرق صرف اُن خواتین میں دیکھا گیا جن کا وزن ضرورت سے کم تھا، کم وزن والے گروپ میں گوشت کھانے والوں کے 100 سال تک جینے کا امکان 44 فیصد زیادہ رہا، جبکہ نارمل یا زیادہ وزن والے گروپ میں گوشت کھانے یا نہ کھانے سے کوئی فرق نہیں پڑا۔

اس کے علاوہ، جو سبزی خور خواتین مچھلی، انڈے یا دودھ وغیرہ کا استعمال کرتی ہیں ان کی عمر بھی گوشت کھانے والوں جتنی ہی طویل ہے۔ نتائج کے مطابق بڑھتی عمر میں جسمانی کمزوری سے بچنے اور پٹھوں کو مضبوط رکھنے کیلیے پروٹین اور ضروری کیلوریز بہت اہم ہیں، نوجوانوں کیلیے پھل اور سبزیاں زیادہ فائدہ مند ہو سکتی ہیں، لیکن بڑی عمر کے لوگوں کو صحت مند رہنے کیلیے زیادہ پروٹین کی ضرورت ہوتی ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ طویل اور صحت مند زندگی کا راز کسی ایک چیز میں نہیں بلکہ متوازن غذا میں ہے جس میں پودوں اور جانوروں دونوں سے حاصل ہونے والی خوراک شامل ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ بڑی عمر میں وزن کا بہت زیادہ کم ہونا نقصان دہ ہو سکتا ہے، اور گوشت یا پروٹین کا مناسب استعمال وزن کو برقرار رکھ کر عمر بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ تحقیق چین کے تین معروف اداروں کے ماہرین نے مل کر انجام دی ہے، ان اداروں میں فوڈان یونیورسٹی، چائنیز سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن اور شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی ہیں

Check Also

ایران امریکا مفاہمت کی خبروں پر عالمی منڈی میں تیل سستا ہوگیا

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں توسیع اور جوہری مذاکرات پر پیشرفت کی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *