کراچی میں رات گئے مبینہ مقابلے، 8 زخمیوں سمیت 11 ملزم گرفتار

کراچی: کراچی کے علاقوں میں رات گئے پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد آٹھ زخمیوں سمیت گیارہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ شاہ لطیف پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ادھر فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس نے جیل چورنگی کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

اقبال مارکیٹ پولیس نے سیکٹر ساڑھے گیارہ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، بہادر آباد پولیس نے دوطرفہ فائرنگ کے بعد ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا۔

جمشید کوارٹر پولیس کا جہانگیر روڈ نمبر دو کے قریب ملزمان سے سامنا ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، شاہراہ نور جہاں پولیس نے بلاک کیو کٹی پہاڑی کے قریب مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جبکہ ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے سہراب گوٹھ فلائی اوور بلاک اکیس کے قریب دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزم کا ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

گرفتار تمام ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا گیا سامان اور موٹر سائیکلیں برآمد کر کے مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔

Check Also

سمندری تجارت میں بہتری، کراچی اور گوادر بندرگاہوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی

کراچی: خلیج میں جاری کشیدگی اور بحری راستوں میں رکاوٹوں کے باعث پاکستان کی سمندری …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *