کراچی: سندھ میں منکی پاکس کا ایک اور مشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے۔ نوابشاہ کے 50 سالہ مریض کو تشویش ناک حالت میں سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال نیپا منتقل کردیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریض کے ہاتھ اور پاؤں پر دھبوں کے نشانات موجود ہیں، جس کی وجہ سے مشتبہ مریض کو آئی سی یو منتقل کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کی تشخیص کے لیے مریض کے پی سی آر ٹیسٹ کے نمونے لے لیے گئے ہیں اور ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد منکی پاکس کی تصدیق ہوگی۔
انتظامیہ کا کہناہے کہ مشتبہ مریض نواب شاہ کے کڈنی اسپتال میں زیر علاج تھا، مریض ڈائلیسس سمیت دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق مریض گزشتہ کئی ماہ سے نوابشاہ کے کڈنی اسپتال میں ڈائلیسس کروا رہے تھے، تاہم اچانک ان کے جسم پر دھبے نمودار ہونا شروع ہوگئے۔ نوابشاہ میں علاج کی سہولت نہ ہونے پر مریض کو پہلے جناح اسپتال لایا گیا، جہاں سے اب اسے سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال نیپا منتقل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ میں رواں سال منکی پاکس کے 43 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سے 15 کا تعلق کراچی سے ہے۔
THE PUBLIC POST