لاہور ٹیسٹ: نعمان علی کے دس شکار، پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی

پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 93 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کردیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 183 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پہلی اننگز کے سنچورین ٹونی ڈی زورزی (16) تیسری ہی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں ایل بھی ڈبلیو ہوگئے۔ 55 رنز کے مجموعی اسکور پر ٹرسٹان اسٹبس نعمان علی کا شکار بن گئے۔

رائن ریکلٹن اور ڈیوالڈ بریوس نے 73 رنز کی پارٹنرشپ کرکے اپنی ٹیم کو جیت کی کچھ امید دلائی تاہم ڈیوالڈ بریوس 54 رنز پر نعمان علی کی شاندار گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد مجموعی اسکور میں صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد رائن ریکلٹن (45) بھی پویلین لوٹ گئے۔

کھانے کے وقفے کے بعد جنوبی افریقا کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور شاہین آفریدی نے چار، چار جبکہ ساجد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ پہلی اننگز میں 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے امام الحق بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے تھے۔

کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور ڈی آر ایس میں امپائر کال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار پائے۔

بابر اعظم 42، عبداللہ شفیق 41 اور سعود شکیل 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان 14، نعمان علی 11، سلمان آغا 4، ساجد خان ایک اور شاہین آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی پہلی اننگز کے 378 رنز کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 269 رنز پر آل آؤٹ ہوئی تھی۔

نعمان علی اور ساجد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 109 رنز کی برتری دلوادی تھی۔

ٹونی ڈی زورزی 104 اور رائن ریکلٹن 71 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 6، ساجد خان نے 3 اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

Check Also

محمد شامی نے ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

بھارت کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد شامی نے ٹیم میں شامل نہ کیے جانے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *