وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلیے رضوی برادران کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کہنا تھا کہ صوبے کے امن کے لیے ہر اقدام اٹھائیں گے، پنجاب کے امن کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہتھیار بندجتھوں کو ریاستی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہمارا دین ہر ایک کے ساتھ حسن سلوک کا درس دیتا ہے، پنجاب میں اس وقت 10لاکھ سے زائد افراد کے پاس اسلحہ موجود ہے، 28 اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کردیے گئے ہیں، اب کوئی نیا اسلحہ لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جن اسلحہ ڈیلرز کے پاس لائسنس نہیں تھا ان کی دکانیں سیل کردی گئی ہیں، 511اسلحہ ڈیلرز نے لائسنس کی توثیق کے لیے درخواست دی، 90اسلحہ ڈیلرز کے کاغذات کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک انتہا پسند جماعت کے مقدر کا فیصلہ کچھ دیر میں وفاق کرے گا، غزہ اور فلسطین کی آزادی کے لیے نکلنے والوں نے املاک کو جلایا، پنجاب میں 10لاکھ12ہزار454افراد کے پاس انفرادی اسلحہ لائسنس ہے، جن کے پاس اسلحہ لائسنس ہے وہ اسے خدمت مراکز میں رجسٹرڈ کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی سے متعلق فیصلہ کچھ دیر میں وفاقی حکومت کی جانب سے متوقع ہے جب کہ رضوی برادران کی گرفتاری انسانی جانوں کے تحفظ پر کرنی ہے، دونوں بھائیوں کی گرفتاری جلد کرلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذہبی جماعت کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، پولیس اہلکاروں کی گاڑیاں چھینی گئیں، شہری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، گاڑیوں کو آگ لگائی گئی۔
THE PUBLIC POST