بھارت کے معروف اداکار دھرمیندر کے انتقال سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر ان کی اہلیہ اور بیٹی نے سخت ردعمل دیا ہے۔
اداکار کی اہلیہ ہیما مالنی نے ایک ٹوئٹ میں ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے شدید غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ناقابلِ معافی ہے، ذمہ دار میڈیا ادارے کسی ایسے شخص کے بارے میں جھوٹی خبریں کیسے پھیلا سکتے ہیں جو علاج کے مرحلے سے گزر رہا ہے اور بہتر ہو رہا ہے۔
ہیما مالنی نے مزید کہا کہ یہ عمل نہ صرف تذلیل آمیز بلکہ غیر ذمہ دارانہ بھی ہے، اس لیے براہِ کرم ہماری فیملی کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔
دوسری جانب دھرمیندر کی بیٹی ایشا دیول نے بھی والد کے انتقال کی جھوٹی خبروں پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگ ہمارے اہلِ خانہ کی نجی زندگی کا خیال رکھیں اور ان کے والد کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل معروف صحافی راجدیپ سردیسائی اور اداکار و مصنف جاوید اختر نے بھی دھرمیندر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ تاہم اہلِ خانہ نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
THE PUBLIC POST