مسقط(پبلک پوسٹ)عمان کی وزارتِ محنت نے 7 دسمبر 2025 کو توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں متعدد پیشوں کے لیے لازمی “لائسنسنگ سسٹم” کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
وزارت کے مطابق ان شعبوں میں کام کرنے والے تمام افراد اور اداروں کو مخصوص پیشہ ورانہ لائسنس حاصل کرنا ہوگا، جس کی نگرانی عمانی ایسوسی ایشن فار انرجی اینڈ مائننگ اسکلز کرے گی۔
وزارتِ محنت نے وضاحت کی کہ جن پیشوں کے لیے لائسنس لازمی قرار دیا گیا ہے، ان کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جبکہ تمام کمپنیوں اور ملازمین کو یکم جون 2026 تک اصلاحی مدت (Correction Period) دی گئی ہے۔
اس دوران ورک پرمٹ کی تجدید یا اجراء ممکن ہوگا، چاہے ملازمین نے ابھی تک لائسنس کے لیے درخواست نہ دی ہو۔
وزارت کے مطابق یکم جون 2026 کے بعد ان پیشوں کے لیے ورک پرمٹ صرف اسی صورت میں جاری یا تجدید ہوسکے گا جب کارکن کے پاس سیکٹر اسکلز یونٹ برائے توانائی و کان کنی کا باضابطہ لائسنس موجود ہو۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملکی افرادی قوت کی مہارت بڑھانے، لیبر مارکیٹ کو منظم کرنے اور پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
لائسنس درکار پیشوں میں شامل ہیں: HSE ایڈوائزر، موبائل کرین آپریٹر، فورک لفٹ آپریٹر، ایکسکیویٹر آپریٹر، ویلڈر، مکینکل و الیکٹرکل ٹیکنیشنز، ڈرلر، دریک مین، ٹول پشر، مشین آپریٹر، CNC آپریٹر، فٹنگ اینڈ اسمبلی ٹیکنیشن، اسٹرکچرل اسٹیل ورکر اور دیگر درجنوں تکنیکی اسامیاں۔
وزارت نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ لائسنسنگ کی مقررہ تاریخوں پر عمل کریں تاکہ کاروباری سرگرمیاں بغیر رکاوٹ جاری رہ سکیں۔ مزید معلومات کے لیے وزارت کا ہیلپ سینٹر 80077000 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
THE PUBLIC POST