مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے قیمتوں میں گٹھ جوڑ اور کارٹل بنانے کے الزام میں پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عائد کیے گئے جرمانے کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں کمپیٹیشن ٹریبونل نے بھی کمپیٹیشن کمیشن کے فیصلے کو درست قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سی سی پی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن پر قیمتیں بڑھانے کے لیے کارٹل بنانے کا الزام ثابت ہونے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ تاہم پولٹری ایسوسی ایشن کی درخواست پر ٹریبونل نے جرمانے کی رقم 5 کروڑ روپے سے کم کرکے ڈھائی کروڑ روپے کر دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ جمع کرائے۔ سی سی پی کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں مصنوعی اضافہ صارفین کے مفادات کے خلاف ہے اور ایسی سرگرمیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان نے پولٹری کی قیمتوں میں گٹھ جوڑ اور مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن پر جرمانہ عائد کیا تھا، جسے اب کمپیٹیشن ٹریبونل نے بھی برقرار رکھا ہے۔
THE PUBLIC POST