کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کے اطراف کی سڑکوں پر نازیبا حرکات کرنے والے اوباش نوجوان کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر چلتی موٹر سائیکل پر انتہائی نازیبا حرکات کرتے ہوئے نوجوان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق وائرل ویڈیو کی بنیاد پر تحقیقات کی گئیں، جس کے بعد ملزم حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار نوجوان کا والد مبینہ طور پر ٹریفک پولیس میں انسپکٹر کے عہدے پر تعینات ہے۔
گلبرگ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے، جس پر وہ نازیبا حرکات کرتے ہوئے سڑکوں پر گھوم رہا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی عوامی مقامات پر غیر اخلاقی اور غیر قانونی حرکات کی اجازت نہیں دی جا سکتی، چاہے اس کا تعلق کسی بااثر خاندان سے ہی کیوں نہ ہو۔
THE PUBLIC POST