کراچی میں تاجروں اور بلڈرز سے بھتہ وصولی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے پولیس کی تفصیلی رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ کراچی میں تاجروں سے بھتہ وصولی کی فون کالز ایران، دبئی، نائیجیریا اور فلپائن میں رجسٹرڈ موبائل فونز سے کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے پراپرٹی ڈیلرز سے بھتہ وصولی کے 8 اہم واقعات سامنے آئے ہیں۔ پہلا واقعہ 27 ستمبر کو ملیر میں پیش آیا، جس کا مقدمہ اسی روز ملیر سٹی تھانے میں درج کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ 13 دسمبر کو ناظم آباد میں چھاپے کے دوران تین ملزمان گرفتار کیے گئے، جو ملیر میں بھتہ وصولی کے سلسلے میں ملوث تھے۔ یہ ملزمان مختلف آن لائن ایپلیکیشنز کے ذریعے رقم بٹورتے تھے۔
دوسرا واقعہ 30 ستمبر کو بہادرآباد میں پیش آیا، جس میں بھی کال بیرونِ ملک سے موصول ہوئی اور ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ تیسرا واقعہ 2 دسمبر کو سولجر بازار میں پیش آیا، جس میں ایک ملزم مارا گیا اور پانچ کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ان کیسز میں ملزمان اکثر بیرونِ ملک سے کالز کر کے دھمکیاں دیتے اور تاجروں و بلڈرز سے بھتہ وصول کرتے تھے۔ تفتیش جاری ہے اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
THE PUBLIC POST