نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے نئے سال کے موقع پر جعلی لنکس اور جعلی تحائف کے پیغامات کے حوالے سے عوام کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق نئے سال کی آمد پر مبارکباد کے نام پر مختلف مشکوک لنکس اور جعلی تحائف کے پیغامات سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے گردش کر رہے ہیں۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی انجان یا غیر مصدقہ لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اپنا واٹس ایپ کوڈ یا دیگر ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر کریں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ایسے لنکس ہیکنگ کا ذریعہ بن سکتے ہیں، جن کے ذریعے صارفین کے موبائل فون یا دیگر آلات میں مالویئر داخل کر کے ڈیٹا پرائیویسی کو شدید نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔
الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جعلی پیغامات کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات اور مالیاتی ڈیٹا چوری کیے جانے کا خدشہ ہے، لہٰذا عوام ایسے پیغامات کو فوری طور پر نظر انداز کریں اور ڈیلیٹ کر دیں۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سائبر سیکیورٹی سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ سائبر جرائم کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
THE PUBLIC POST