صدر زرداری کو 2 مرتبہ سویلین صدر اور 13 برس سیاسی قیدی رہنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میرے والد کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ وہ واحد سویلین ہیں جو دو مرتبہ صدر منتخب ہوئے لیکن انہیں یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے پاکستان میں ساڑھے تیرہ برس سیاسی قیدی کے طور پر گزارے۔

کیڈٹ کالج پٹارو میں 63ویں والدین کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے پرنسپل کیڈٹ کالج کموڈور فیصل اقبال قاضی کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا
اور کیڈٹ کالج پٹارو کے فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کیڈٹ کالج پٹارو کے 63ویں والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ میرے خاندان کے لیے بھی ذاتی اہمیت رکھتا ہے، میرے والدآصف علی زرداری بھی کبھی اسی مقام پر کھڑے تھے جہاں آج آپ کھڑے ہیں، جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا کہ وہ واحد سویلین ہیں جو دو مرتبہ صدر منتخب ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ میرے والد دو بار صدر منتخب ہوئے لیکن انہیں یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے پاکستان میں ساڑھے تیرہ برس سیاسی قیدی کے طور پر گزارے، یہاں طالبعلموں کو سکھایا جاتا ہے کہ نظم و ضبط سزا نہیں بلکہ آزادی ہے۔

آج پاکستان ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جو ہر نسل نے پہلے بھی دیکھا ہے، ہمیں معاشی دباؤ، علاقائی غیر یقینی صورتحال اور تیزی سے بدلتی دنیا جیسے چیلنجز درپیش ہیں، حال ہی میں ہماری مسلح افواج نے ایک بار پھر اس حقیقت کو ثابت کیا، پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور اتحاد قیادت کے ذریعے پاکستان نے اپنی خودمختاری کا دفاع کیا اور ایک واضح عسکری کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی محض عسکری نہیں بلکہ اخلاقی بھی تھی۔ پاک فوج نے دنیا کو یاد دلایا کہ آزمائش کے وقت پاکستان مضبوط، منظم اور پرعزم کھڑا ہوتا ہے لیکن ہمیں ایک اور اہم بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ قوموں کی طاقت صرف ہتھیاروں سے نہیں، بلکہ کردار سے ناپی جاتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کل کا پاکستان وہی بنائے گا جو شارٹ کٹس کے بجائے دیانت،ذاتی مفاد کے بجائے خدمت اور سہولت کے بجائے جرات کو ترجیح دیں گے، آپ میں سے کچھ مسلح افواج کی وردی پہنیں گے، کچھ کلاس رومز، لیبارٹریز، عدالتوں، بورڈ رومز اور عوامی اداروں میں ملک کی خدمت کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کیڈٹس کو مشورہ دیا کہ جب راستہ واضح نہ ہو دیانت کا انتخاب کریں۔جب دباؤ زیادہ ہو نظم و ضبط پر بھروسہ کریں، اور جب وطن پکارے جرأت کے ساتھ لبیک کہیں۔

Check Also

کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن میں خطرناک ملزمان سمیت 16 ڈاکو مارے گئے

کراچی (پبلک پوسٹ)سندھ پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی، آپریشن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *