شہر قائد کے مختلف علاقوں سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعات نے تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جناح اسپتال کے قریب ایک پارک سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے فوری طور پر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی، جبکہ نمائش چورنگی کے قریب سے ایک اور شخص مردہ حالت میں پایا گیا۔ اسی طرح شارع فیصل پر بلوچ کالونی پل کے قریب سے بھی ایک شخص کی لاش ملی، جسے ریسکیو اہلکاروں نے تحویل میں لے لیا۔
علاوہ ازیں لانڈھی کے قریب سے تقریباً 40 سالہ شخص کی لاش بھی ملی ہے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں نے تمام واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ لاشوں کو شناخت اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی طور پر اموات کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
THE PUBLIC POST