سانحہ گل پلازہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کرتے ہوئے انھیں مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے۔
کراچی کے معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ کل رات 9 بج کر 45 منٹ سے 10 بج کر 15 منٹ کے درمیان پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 1200 سے زائد دکانیں جلیں، فائر بریگیڈ کی کارروائی کے بعد آگ پر 60 سے 70 فیصد قابو پا لیا گیا ہے جبکہ ابتک 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سانحہ گل پلازہ پر اب وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ سے رابطہ کیا گیا ہے، وزیراعظم نے گل پلازہ کے سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سانحہ گل پلازہ پر مکمل تعاون کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا گل پلازہ آتشزدگی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے سانحہ گل پلازہ میں بھاری مالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور آگ بجھانے کے دوران شہید فائر فائٹر کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
THE PUBLIC POST