بھارت میں آن لائن گیم کھیلنے سے منع کرنے پر 3 بہنوں نے عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد میں پیش آیا جہاں گیم کھیلنے سے منع کرنے پر تین بہنوں نے عمارت کے نویں فلور سے چھلانگ لگا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 12 سالہ پاکھی، 14 سالہ پراچی اور 16 سالہ ویشیکا مبینہ طور پر ایک آن لائن کورین گیم کے جنون میں مبتلا تھیں اور انہوں نے 2 سال قبل اسکول جانا بھی چھوڑ دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تینوں بہنیں گیم کے جنون میں اس قدر مبتلا تھیں کہ انہوں نے اپنے کورین نام ہی رکھ لیے تھے، جس کی وجہ سے والدین کی جانب سے گیم کھیلنے پر پابندی لگائی گئی تھی اور تینوں بہنوں نے رات کے پہر اپنی نویں منزل کے اپارٹمنٹ سے چھلانگ لگا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکیوں کے گرنے کی آواز پر والدین نے کمرے میں جاکر دیکھا تو کھڑی کھلی تھی اور تینوں بہنوں نے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی۔
دوران تحقیق پولیس کو لڑکیوں کے کمرے سے ایک ڈائری بھی ملی جس پر ایک نوٹ لکھا تھا جس میں ان کی گیمنگ اور موبائل سرگرمیوں کی تفصیلات درج تھیں۔
لڑکیوں نے لکھا کہ ‘اس ڈائری میں جوکچھ بھی لکھا ہوا ہے وہ پڑھ لو کیونکہ وہ سب سچ ہے’، انہوں نے لکھا کہ’ پاپا سوری، کوریا ہماری زندگی ہے، کوریا ہماری سب سے بڑی محبت ہے، آپ جو بھی کہیں، ہم اسے نہیں چھوڑ سکتے۔’
نوٹ پڑھنے کے بعد والد نے روتے ہوئے کہا کہ ‘یہ کسی بھی والدین یا بچے کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے، والدین کو اپنے بچوں کو گیم کھیلنے نہیں دینا چاہیے، میں اس کھیل سے واقف نہیں تھا، ورنہ میں انہیں کبھی گیم کھیلنے نہیں دیتا۔
THE PUBLIC POST