خصوصی کسٹمز کورٹ کا سخت نوٹس:ڈائریکٹرکسٹمز ڈی آئی ٹی کراچی طلب ایک ہی تفتیشی افسر کو 30کیس تھما دئے گئے

کراچی( رپورٹ : عمران خان )
کراچی کسٹمز میں مقدمات کی بڑھتی ہوئی تعداد اور تفتیشی نظام پر دباؤ کے معاملے نے اس وقت اہم موڑ اختیار کر لیا جب خصوصی کسٹمز کورٹ نے ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن (ڈی آئی ٹی) کراچی میں ایک ہی افسر کو غیر معمولی طور پر زیادہ کیسز تفویض کیے جانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ڈی آئی ٹی کو عدالت میں طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل کسٹم، اینٹی اسمگلنگ اینڈ ٹیکسیشن کورٹ کے جج عبید احمد خان نے سماعت کے دوران اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ایک ہی انویسٹی گیٹنگ آفیسر (IO) اس وقت مجموعی طور پر 30 مقدمات کی تفتیش کر رہا ہے۔ بتایا گیا کہ متعلقہ افسر پہلے ہی 17 کیسز میں بطور تفتیشی افسر پیش ہو رہا ہے جبکہ مزید 13 کیسز بھی اسی کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ادارے میں دیگر تفتیشی افسران موجود نہیں، اور اگر ہیں تو ان پر مقدمات کیوں تقسیم نہیں کیے جا رہے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ ایک ہی افسر پر اس قدر بوجھ تفتیشی عمل کے معیار اور انصاف کی رفتار دونوں کو متاثر کر سکتا ہے۔

عدالتی کارروائی کے دوران ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن کی جانب سے ابتدائی طور پر مؤقف اختیار کیا گیا کہ ادارے میں تجربہ کار تفتیشی افسران کی شدید کمی ہے، اور اس وقت صرف چار تجربہ کار افسران ہی تمام اہم مقدمات کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ نئے بھرتی ہونے والے افسران ابھی تربیتی مراحل میں ہیں۔

عدالت نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر ڈی آئی ٹی کو آئندہ سماعت پر ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا ہے تاکہ اس معاملے کی وضاحت کی جا سکے اور تفتیشی نظام میں موجود خامیوں کا جائزہ لیا جا سکے۔

یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تفتیشی اداروں میں وسائل، افرادی قوت اور کیس مینجمنٹ کے نظام پر پہلے ہی سوالات اٹھ رہے ہیں، اور عدالت کا یہ نوٹس اس سمت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Check Also

3 سال غیر حاضری مہنگی پڑگئی، کسٹمز انسپکٹر نوکری سے فارغ

رپورٹ : عمران خاناسلام آباد :(اسٹاف رپورٹر) اایف بی آر نے طویل عرصے تک غیر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *