معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے سابق داماد کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ داماد نے میری بیٹی کے ساتھ دھوکہ کیا اور بعد میں اسے چھوڑ کر اپنی زندگی میں آگے بڑھ گیا۔
بشریٰ انصاری نے اپنے حالیہ وی لاگ میں اپنی بڑی بیٹی نریمان انصاری کی طلاق سے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سابق داماد نے نہ صرف بیٹی کو دھوکہ دیا بلکہ بچوں کو بھی چھوڑ دیا اور مبینہ طور پر اثاثے لیکر الگ ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ایسے تعلیم یافتہ لیکن بدکردار افراد موجود ہیں جو اپنی میٹھی باتوں اور مہذب انداز سے دوسروں کو متاثر کرتے ہیں مگر حقیقت میں ان کی سوچ انتہائی منفی ہوتی ہے۔ بشریٰ انصاری کے مطابق ایسے افراد مالی فائدے کے لیے رشتے قائم کرتے ہیں اور بعد میں بغیر کسی ٹھوس وجہ کے انہیں ختم کر دیتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں حیرت ہوتی ہے کہ ایسے افراد کو دوبارہ بھی پڑھی لکھی خواتین مل جاتی ہیں جو انتباہ کے باوجود ان کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کر لیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لوگ اپنے نرم لہجے اور بظاہر اچھے رویے کے ذریعے دوسروں کو متاثر کر کے شکار بناتے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ خدا کا شکر ادا کرتی ہیں کہ ان کی بیٹی اب محفوظ ہے اور اپنی زندگی میں خوش ہے، تاہم اس طرح کے واقعات معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔
THE PUBLIC POST