پشاور: ٹانک میں جنڈولہ وانا روڈ پر تھانہ شہید مرید اکبر کے حدود میں پویس کی بکتر بند گاڑی پر دھماکے کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق آئی ڈی بم دھماکا گرہ حیات کے قریب پولیس اے پی سی پر کیا گیا، گاڑی معمول کے گشت پر تھی۔
ضلع بھر کی پولیس کو ہائی الرٹ کرکے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا، پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت ریموٹ کنٹرول آئی ڈی ہو سکتی ہے۔
پولیس کے مطابق شہید ہونے والوں میں اے ایس آئی فرید اللہ اور سپاہی اختر زمان جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں میں قدرت اللہ اور عبدالمالک شامل ہیں۔ شہید اور زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ٹانک جنڈولہ روڈ پر پولیس پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے مبینہ طور پر آئی ای ڈی حملہ میں شہید پولیس اہلکاروں کو ملک کا فخر قرار دیتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ اور ساتھیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
گورنر نے واقعے میں زخمی اہلکاروں کو ہر ممکن طبی امداد یقینی بنانے کی ہدایات کے ساتھ انکی جلد مکمل صحت یابی کی دعا کی۔
THE PUBLIC POST