سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سگ گزیدگی کے باعث ایک اور شہری جان کی بازی ہار گیا۔
بلدیہ ٹاؤن کے 70 سالہ رہائشی غلام رسول کو 20 روز قبل ایک کتے نے بائیں ہاتھ اور پاؤں پر کاٹ لیا تھا۔ بروقت اینٹی ریبیز ویکسین نہ لگوانے پر مریض کی حالت بگڑ گئی اور اسے رات گئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق مریض جب جناح ہسپتال پہنچا تو اس کی حالت انتہائی تشویشناک تھی اور اس میں پانی اور ہوا سے شدید خوف کی علامات نمایاں تھیں۔نیورو میڈیسن ٹیم اور ڈاکٹروں کی جانب سے کیے گئے فوری اقدامات کے باوجود مریض دم توڑ گیا۔
طبی ماہرین نے زور دیا ہے کہ ریبیز ایک مہلک بیماری ہے اور اس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد جان بچانا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے، اس لیے کتے کے کاٹے کی صورت میں فوری ویکسین لگوانی چاہیے۔
اس تازہ واقعے کے بعد سندھ میں رواں سال سگ گزیدگی سے ہونے والی اموات کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران جناح اسپتال میں 9، انڈس اسپتال میں 28 اور بدین کے اسپتال میں ایک موت رپورٹ ہوئی ہے۔
THE PUBLIC POST