لاہور:
والٹن ریلوے اسٹیشن پر ڈیڑھ سے 200 سال قدیم میگنٹ ٹیلی فون اور ٹرینوں کی آمدورفت بتانے والا سسٹم آج بھی بھرپور طریقے سے کام کر رہا ہے، قدیم ترین سسٹم نے آج کے جدید ترین ٹیکنالوجی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
پاکستان ریلوے کا ایک اور تاریخی ریلوے اسٹیشن جسے والٹن ریلوے اسٹیشن کے نام سے جانا جاتا ہے، یہ ریلوے اسٹیشن بھی بہت تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان بننے کے بعد ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں بھارت سے لوگ یہاں پر آ کر آباد ہوئے اور پھر پورے ملک میں پھیل گئے۔
ریلوے اسٹیشن کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ڈیڑھ سے 200 سال پرانا میگنٹ ٹیلی فون اور دیگر سسٹم لگے ہوئے ہیں، جو آج بھی جدید ترین ٹیکنالوجی اور موبائل فون کے ہونے کے باوجود استعمال کیے جا رہے ہیں۔ یہ میگنٹ ٹیلی فون ریلوے کراسنگ، پھاٹک اور ریلوے ہیڈ کواٹر فوری پیغام پہنچانے کا کام آج بھی اپنی بھرپور صلاحیت کے ساتھ کر رہا ہے۔
میگنٹ ٹیلی فون پر نہ تو ڈائل پیڈ ہے اور نہ ہی کوئی اسکرین، بس اس کا ایک خاص ہینڈل نما ڈائل ہے جس کو گھمانے سے دوسری جگہ اسی طرح کے لگے ہوئے میگنٹ ٹیلی فون پر گھنٹی بجتی ہے، جیسے ہی گھنٹی بجتی ہے وہاں ڈیوٹی پر موجود عملہ ہدایات لیکر اس پر عمل کرتے ہوئے پھاٹک اور ریلوے کراسنگ کے گیٹ کو بند کر دیتا ہے