کراچی؛ بارش میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق چھوٹا بھائی تیسری، بڑا سیکنڈ ایئر کا طالبعلم تھا

کراچی(پبلک پوسٹ)شہر میں موسلادھاربارش کے دوران شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے دو سگے بھائیوں کے جاں بحق ہونے پر ان کے گھر پر قیامت ٹوٹ پڑی، چھوٹا بھائی تیسری اور بڑا بھائی سیکنڈ ایئر کا طالب علم تھا، اہلخانہ نے حکومت سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو شہر میں ہونے والی موسلادھار بارش کے دوران شاہ فیصل کالونی نمبر 4 جامعہ فاروقیہ مسجد کے قریب کرنٹ لگنے سے دو سگے بھائیوں 21 سالہ مراد اور 12 سالہ سراج کے جاں بحق ہونے پر ان کے گھر پر قیامت ٹوٹ پڑی، گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔

متوفی سراج تیسری جماعت کا طالب علم اور 21 سالہ مراد سیکنڈ ایئر کا طالب علم تھا جبکہ متوفی مراد نے یکم ستمبر سے نجی بینک میں ملازمت بھی شروع کرنی تھی، متوفی سراج نے یوم آزادی کے سلسلے میں اپنے والد سے فرمائش کرکے جھنڈیاں اور دیگر سجاوٹی سامان منگوایا تھا اور ملک کی محبت سے سرشار ہو کر اپنے دیگر بھائی اور دیگر کزن کے ہمراہ اپنے گھر کو سجایا بھی تھا۔

جاں بحق بھائیوں کی والدہ نے زار و قَطار روتے ہوئے بتایا کہ ان کے دو ہی بیٹے تھے اور دونوں بیٹے ان سے چھین لیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں بیٹے ناشتہ کرکے گھر سے نکلے تھے اور دونوں کو کرنٹ لگ گیا، میں واقعے کے بعد پولیس کے پیچھے بھاگی لیکن مجھے انصاف نہیں ملا، حکومت سے درخواست ہے کہ میرے بچوں کو انصاف فراہم کیا جائے، میرے بچے میرا سہارا تھے۔

انہوں نے بتایا کہ چھوٹا بیٹا اپنی دادی کے گھر جا رہا تھا، پہلے چھوٹے بیٹے کو کرنٹ لگا جسے بچانے کی خاطر بڑے کو بھی کرنٹ لگ گیا، میرے دونوں بیٹے چلے گئے، مجھے بس انصاف چاہیے۔

جاں بحق بھائیوں کی بڑی بہن اپنے بھائی کی تعلیمی اسناد اور دیگر دستاویزات دکھاتے ہوئے رو پڑی جبکہ والد پر بھی سکتہ طاری ہوگیا اور وہ خاموش ہوگئے۔

جاں بحق بھائیوں کے کزن ارباز نے بتایا کہ منگل کی دوپہر ڈھائی بجے کے قریب ہم بارش میں نہانے کے لیے گھر سے نکلے تھے اور گھر کے قریب گلی میں موجود تھا جبکہ سراج گھر سے چیز لینے اور کھیلنے کے لیے نکلا تھا، ہم گھر کے قریب ہی موجود تھے کہ ایک دکاندار نے سراج کو کرنٹ لگنے کی نشاندہی کی اور اس کو بچانے کے لیے اسکا بڑا بھائی مراد گیا تو مراد کو بھی کرنٹ لگ گیا۔

کزن نے مزید بتایا کہ میں چاہ کر بھی کچھ نہیں کر سکا اور ہمیں نہیں معلوم تھا کہ گلی میں زمین پر کرنٹ پھیلا ہوا ہے، دیکھتے ہی دیکھتے دونوں کی حالت غیر ہوگئی، دونوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال لے کر پہنچے تو مرکزی بازار کے قریب گاڑی خراب ہوگئی، ایمبولینس میں سوار ہوئے تو شارع فیصل پر ایمبولینس بھی خراب ہوگئی، اس دوران ایک شہری نے ہمیں اپنی گاڑی میں بٹھایا لیکن ہم جناح اسپتال نہیں پہنچ سکے اور بلوچ کالونی پل تک پہنچتے ہی دونوں بھائی دم توڑ چکے تھے۔

دونوں بھائیوں کے والد ایئرپورٹ پر ملازمت کرتے ہیں، والد ایئر پورٹ سے جناح اسپتال پہنچے تو سمجھیں کہ بچے زخمی ہوں گے، واقعہ دوپہر ڈھائی کے قریب پیش آیا تھا۔ والد کو رات 9 بجے تک معلوم نہیں تھا کہ ان کے دونوں بیٹے اس دنیا میں نہیں رہے۔ والد نے گھر پہنچ کر دونوں بیٹوں کی لاشیں چار پائی پر دیکھی تو غم کا پہاڑ ٹوٹ گیا۔

چاچا صابر نے بتایا کہ جس مقام پر دونوں بھائیوں کرنٹ لگا اسی مقام پر بدھ کو بھی ایک بزرگ شہری کو کرنٹ لگا تھا، واقعے کے بعد کے الیکٹرک کی ٹیم آئی اور معائنہ کرنے کے بعد چلی گئی، کوئی کارروائی نہیں کی۔ ہم نے واقعے کا مقدمہ تھانے میں درج کروا دیا ہے لیکن ہم مطمئن نہیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جس مقام پر دونوں بھائیوں کو کرنٹ لگا وہاں زیر زمین 11ہزار واٹ کی کے الیکٹرک کی لائن گزر رہی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ لائن 7 سے 8 فٹ زمین کے اندر ہو، 11 ہزار واٹ کی لائن 2 فٹ سے گزر رہی ہے۔

چاچا نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لائن کی مرمت کا کام کیا گیا لیکن مرمتی کام درست نہیں ہوا، ہمارا ایک مطالبہ ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، واقعے کو 36 گھنٹوں سے زائد کا وقت ہو چکا ہے لیکن کے الیکٹرک کا کوئی بھی افسر اب تک ہمارے گھر نہیں آیا، آج ہمارے بچے گئے ہیں کل کسی اور کے بچے جا سکتے ہیں۔

جاں بحق ہونے والے بھائیوں کے کزن جہانگیر نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے ہمارے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا گیا، نہ ہی وہ اب تک سامنے آئے ہیں، کے الیکٹرک کے افسران کے پاس وقت ہی نہیں، ان کے دفاتر جاو تو ملنے کے لیے وقت لینا پڑتا ہے یہاں دو جانیں چلی گئیں لیکن ان کے پاس وقت ہی نہیں ہے۔

کزن کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے افسران کم سے کم جاں بحق بھائیوں کے والدین سے تو ملاقات کریں لیکن وہ آنے کے لیے تیار نہیں۔

جاں بحق بھائیوں کے اہلخانہ نے کے الیکٹرک کے خلاف نیپرا میں جانے کا بھی عندیہ دے دیا۔

Check Also

پاکستان کا یو اے ای کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان کا یو اے ای کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ سہ ملکی سیریز …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *