امارات کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے پاکستان سے میچ کے بائیکاٹ کے خدشات رد کردیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی میزبانی میں ایشیا کپ نو سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم افغانستان اور یو اے ای کے ساتھ ٹرائنگولر سیریز میں حصہ لے گی۔
ایشیا کپ کے لیے امارات کرکٹ بورڈ نے بھرپور تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ پاکستان اور بھارت کا پہلا مقابلہ 14 ستمبر اور ممکنہ طور پر دوسرا 21 ستمبر کو ہوگا۔
فائنل میں رسائی کی صورت میں روایتی حریفوں کا تیسرا معرکہ بھی ہو سکتا ہے۔
ایشیا کپ کے حوالے سے امارات کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ ہماری تیاریاں مکمل ہیں اور ہم شائقین کو بہترین کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کریں گے۔
نمائندہ ’ایکسپریس‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کرکٹ بورڈزنے اپنی حکومتوں سے اجازت لے کر ہی ایشیا کپ میں شرکت کی تصدیق کی تھی۔
سبحان احمد نے کہا کہ 100 فیصد گارنٹی تو نہیں دی جا سکتی البتہ ہمیں پوری امید ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان کیخلاف میچ میں بھی حصہ لے گی۔
انہوں نے کہا کہ شائقین کی جانب سے بھی بائیکاٹ کا کوئی خدشہ نہیں ہے اور ہاؤس فل کی امید ہے۔ ماضی میں بھی شائقین نے ہمیشہ کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھا اور اب بھی ایسا ہی ہو گا۔
سی او او امارات کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں مداح بے چینی سے میچ ٹکٹس کے منتظر ہیں، جس کا منفی عناصر نے بھی فائدہ اٹھایا اور جعلی ٹکٹس آن لائن فروخت کرنے لگے۔
انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل اور ای سی بی کو سوشل میڈیا الرٹ جاری کرنا پڑا، اس میں ہم نے آگاہ کیا کہ ابھی ٹکٹس نہیں بک رہے لہذا جعل سازوں کے چنگل میں پھنس کر اپنی رقم ضائع نہ کریں، تھوڑا انتظار کریں اور باضابطہ اعلان کے بعد آفیشل ویب سائٹ سے ہی ٹکٹ خریدیں۔
سبحان احمد نے کہا کہ ہماری ایک ٹکٹنگ ایجنسی سے بات چیت جاری ہے، جلد معاہدہ ہو جائے گا، آئندہ چند روز میں شائقین آن لائن ٹکٹس خرید سکیں گے، ہماری کوشش ہو گی کہ ریٹس بھی مناسب رکھے جائیں۔
ایک سوال پر ای سی بی کے سی او او نے کہا کہ دبئی میں پاک بھارت شائقین کیلیے الگ اسٹینڈز مختص کرنے کی ہمیں حکومت سے کوئی ہدایت نہیں ملی، ماضی کی طرح سب ساتھ بیٹھ کر کھیل سے لطف اندوز ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ شارجہ کی مقامی حکومت نے پاک افغان شائقین کو الگ بٹھانے کی ہدایت کی ہے اس لیے ٹرائنگولر سیریز میں ایسا کر رہے ہیں۔ ایشیا کپ کا تو کوئی میچ شارجہ میں ہونا ہی نہیں ہے۔
سبحان احمد نے کہا کہ شائقین نارمل انداز میں ہی یو اے ای کا ویزا لے سکیں گے البتہ کھلاڑیوں، آفیشلز و دیگر اسٹیک ہولڈرز کیلیے حکومت نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایشیا کپ کی کوئی گرینڈ افتتاحی تقریب نہیں ہو گی بلکہ سادہ انداز میں آغاز کیا جائے گا۔