اسرائیلی حملے کیخلاف اظہارِ یکجہتی؛ شہباز شریف اور اماراتی  صدر قطر پہنچ گئے، محمد بن سلمان بھی  آئیں گے

اسلام آباد(پبلک پوسٹ)اسرائیلی حملے کے خلاف اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور اماراتی صدر قطر پہنچ گئے جب کہ سعودی فرماں روا محمد بن سلمان بھی قطر دوحا پہنچیں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحا پہنچے، جہاں وہ اسرائیلی حملے کے خلاف قطری حکومت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کریں گے۔ دوحا ایئرپورٹ پر قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاع شیخ سعود بن عبد الرحمن بن حسن الثانی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

دورہ قطر کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات طے ہے، جس میں وہ دوحا پر بلاجواز اسرائیلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزیوں کے تناظر میں اظہارِ یکجہتی کریں گے۔ ملاقات میں خطے میں قیامِ امن اور اسرائیل کی جانب سے مسلسل جارحیت پر بھی مشاورت ہوگی۔

پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو مشترکہ عقائد اور اقدار پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم قطری قیادت سے ملاقات کے دوران اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں قطر کا ساتھ دیا ہے اور دیتا رہے گا۔

دریں اثنا اسی تناظر میں متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان بھی قطر پہنچ چکے ہیں جب کہ سعودی فرمانروا محمد بن سلمان کی بھی قطر آمد متوقع ہے۔ تینوں رہنما اسرائیلی حملے کی مذمت اور قطری قیادت سے یکجہتی کے لیے دوحا میں جمع ہو رہے ہیں۔

Check Also

ن لیگ سے لفظی جنگ؛ پیپلز پارٹی کا وزیراعظم سے ملاقات کرکے معاملہ اٹھانے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے لفظی جنگ کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *