قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان اور فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھارت کی شکایت پر آئی سی سی میں جواب جمع کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے شکایت پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے صاحبزادہ فرحان اور فاسٹ بولر حارث رؤف کے خلاف سماعت کی۔
سماعت آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن نے کی جنہوں نے دونوں کھلاڑیوں سے کئی سوالات کیے۔
ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان نے غلطی تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پٹھان لوگ ایسے ہی جشن مناتے ہیں، جشن کا مقصد بھارت کو کچھ ثابت کرنا نہیں تھا۔
حارث رؤف نے سماعت کے دوران کہا کہ میں نے کوئی سیاسی اشارہ نہیں کیا۔
میچ ریفری نے حارث رؤف سے پوچھا کہ چھ صفر کا کیا مطلب ہے جس پر انہوں نے الٹا میچ ریفری سے ہی پوچھ لیا کہ آپ بتادیں اس کا کیا مطلب ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کو تنبیہ یا میچ فیس کے معمولی جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی میچ کے بعد سیاسی گفتگو کرنے پر پی سی بی کی شکایت پر سماعت کل مکمل ہوگئی تھی جس پر فیصلہ آج متوقع ہے۔