لاہور (پبلک پوسٹ)لاہور میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کرکٹ میچز پر آن لائن جوا کروانے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار بکیز نہ صرف ایشیا کپ بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ ورلڈکپ اور غیر ملکی لیگز پر بھی جوا کرواتے تھے۔
جوہر ٹاؤن پولیس نے کارروائی کے دوران عمران، عماد اور اسلام نامی ملزمان کو حراست میں لیا، جن کے قبضے سے دو لیپ ٹاپ، تین موبائل فون اور ایک لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد ہوئی۔ ملزمان مختلف موبائل ایپ اکاؤنٹس کے ذریعے گروپ بنا کر سٹے بازی کرواتے تھے۔ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے بتایا کہ ملزمان نے ایشیا کپ کے دوران پاک بھارت میچ پر بھی بھاری جوا کھیلا تھا، اور یہ گروہ عرصہ دراز سے انٹرنیشنل میچز میں سٹے بازی میں ملوث تھا۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ ایس پی صدر نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او جوہر ٹاؤن اور پوری ٹیم کو شاباش دی۔
THE PUBLIC POST