لاہور(پبلک پوسٹ)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دوست سیلاب کی شدت اور پنجاب کے سب سے بڑے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن سے اچھی طرح آگاہ ہیں لیکن جب ترجمان گندم اور سیلاب پر سیاست کریں گے تو جواب بھی ملے گا۔
پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے پی پی پی کے رہنماؤں کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی پی ترجمان گندم اور سیلاب پر سیاست کریں گی تو جواب بھی ملے گا، پی پی پی ترجمانوں نے بلاجواز تنقید کی تو جواب سننے کا حوصلہ بھی رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ گندم اور سیلاب پر بلاجواز سیاسی بیان بازی کی ہے تو جواب بھی سننا پڑے گا، ریکارڈ گواہ ہے کہ سیلاب اور گندم پر سیاست پی پی پی کے ترجمانوں نے شروع کی، مسلم لیگ (ن) کے کسی ترجمان نے کبھی کسی صوبے کی ترقی پر سیاسی بیان بازی نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ رائے دینے میں ، نشان دہی کرنے میں اور سیلاب زدگان اورتاریخ کے بدترین سیلاب کی صورتحال پر سیاست کرنے میں فرق ہوتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز کا مینڈیٹ ہے کہ وہ پنجاب کے عوام کی آواز بنیں، ان کے حق کا دفاع کریں، پنجاب کے عوام کا دفاع مریم نواز کا فرض اور حق ہے۔
پنجاب کی سینئر وزیر نے کہا کہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی سیلاب سے نمٹنے اور متاثرین کی مدد پر تعریف کی، ایک ٹیم بن کر تباہ کن تاریخی سیلاب میں کام کیا، پی پی پی کے دوست سیلاب کی شدت اور پنجاب کے سب سے بڑے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن سے اچھی طرح آگاہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کاوشوں کا اعتراف کی لیکن پی پی پی کے ترجمانوں کو بلاول بھٹو کی مریم نواز کی تعریف ہضم نہیں ہوئی اور اگلے دن بلا جواز تنقید شروع کر دی۔
انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب جہاں گئے، پنجاب کی انتظامیہ نے انہیں سیلاب متاثرین کی مدد سے آگاہ کیا، صوبوں کی ایک دوسرے پر بلاجواز تنقید پاکستان کے مفاد میں نہیں جسے پیپلز پارٹی کو سمجھنا ہو گا۔