راولپنڈی(پبلک پوسٹ)سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے سویلین ٹرائلز کے حوالے سے بڑا واضح فیصلہ دیا مگر 26ویں ترمیم کے بعد اسی سپریم کورٹ نے اپنے ہی فیصلے کو اڑا کر رکھ دیا، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سویلینز کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو رہا ہے۔
یہ بات پی ٹی آئی کے نامزد سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، بابر اعوان اور دیگر نے خیبر پختونخوا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ گزشتہ روز بانی چیئرمین کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوئی، آج 26 ویں ترمیم کے حوالے سے سپریم کورٹ میں درخواستوں پر سماعت ہوئی، 26 ویں آئینی ترمیم نے ملک کے عدالتی نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے، آئین میں عدلیہ کی اصل روح اور بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کر دیا گیا، آپ نے دیکھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ پر حملہ کیا گیا جسٹس جہانگیری پر حملہ کیا گیا۔
انہوں ںے کہا کہ ہماری دو درخواستیں تھیں، ہم چاہتے ہیں کہ اس کی لائیو اسٹریمنگ ہونی چاہیے، ہم نے اعلان کرنا ہے کہ جھوٹ کے مقابلے میں سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے، اب یہ مقدمہ پوری قوم دیکھے گی، ہماری دوسری درخواست ان ججز کے حوالے سے ہے جو اس ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ میں آئے یا ان کی تقرریاں ہوئی ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آئین پاکستان ہماری زندگیوں سے متعلق ضابطہ ہے، 26ویں ترمیم کے بعد اسی کورٹ نے کہا کہ سویلینز کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو سکتا ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سویلینز کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو رہا ہے، سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے سویلین ٹرائلز کے حوالے سے بڑا واضح فیصلہ دیا، 26ویں ترمیم کے بعد اسی سپریم کورٹ نے اپنے ہی فیصلے کو اڑا کر رکھ دیا، اس وقت پاکستان کے لوگوں کے بنیادی حقوق سلب کر دیئے گئے ہیں، آج سپریم کورٹ 26ویں ترمیم کے سیاہ سائے میں کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کو سفاکی کے ساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ سے اغوا کیا گیا، کہا جاتا ہے کہ چار مئی کو چکری اور زمان پارک میں بانی چیئرمین نے گرفتاری کی صورت میں جی ایچ کیو پر حملے کی سازش تیار کی گئی، کہا گیا کہ یہ مقدمہ ویڈیوز لنک کے ذریعے سنا جائے گا، ہم نے اس ٹرائل کا بائیکاٹ کیا اور کہا کہ یہ مقدمہ بانی چیئرمین کی موجودگی میں سنا جائے، اس معاملے پر پوری دنیا میں بڑا طوفان اٹھا جس کے نتیجے میں ویڈیو لنک کے ذریعے ٹرائل کا فیصلہ واپس لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تازہ ترین سروے کے مطابق بانی چیئرمین کی مقبولیت تمام ریکارڈ توڑ رہی ہے، بانی چیئرمین ہر روز پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہے ہیں۔
THE PUBLIC POST