یونیورسٹی روڈ پر نوجوان کی ٹارگٹ کلنگ کامقدمہ درج، پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات میں مصروف

کراچی (رپورٹ : صباحت رضا زیدی ) تعلیمی مرکز کہلانے والی یونیورسٹی روڈ ایک بار پھر خون سے رنگین ہوگئی۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے سامنے فائرنگ کے واقعے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ قاتلوں کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا جب دو افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ اچانک مسلح حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے انس ولد مشتاق احمد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ قاری شاہد شدید زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ مبینہ ٹاؤن تھانے میں قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔ مدعی مشتاق احمد نے بیان میں کہا کہ وہ حافظِ قرآن اور پیشے سے معلم ہیں۔ انہیں دوپہر ڈیڑھ بجے اطلاع ملی کہ ان کے بھتیجے انس اور قاری شاہد پر فائرنگ کی گئی ہے۔ اسپتال پہنچنے پر معلوم ہوا کہ انس موقع پر ہی دم توڑ چکے ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سر اور سینے پر گولیوں کے دو زخم پائے گئے ہیں، جو قریبی فاصلے سے فائر کیے گئے۔ ابتدائی تفتیش میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ واقعہ رنجش یا ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے تاہم ٹارگٹ کلنگ کے امکان کو بھی رد نہیں کیا گیا۔

علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ فائرنگ کے بعد یونیورسٹی روڈ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک معطل رہا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے خالی خول اور شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔

پولیس حکام نے کہا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے جدید فرانزک تکنیک استعمال کی جا رہی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ابتدائی شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ حملہ آور پیشہ ور لگتے ہیں اور واردات کے فوراً بعد نارتھ ناظم آباد کی سمت فرار ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مقتول اور زخمی کے حلقہ احباب، موبائل ڈیٹا اور حالیہ رابطوں کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھا رہی ہیں۔شہر میں دن دہاڑے فائرنگ کے اس واقعے نے ایک بار پھر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے خطرات پر سوال اٹھا دیے ہیں۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے اطراف پولیس گشت بڑھایا جائے تاکہ طلبہ اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

Check Also

سی آئی اے پولیس کی حراست میں نوجوان کی ہلاکت ورثاء کا دوسرے روز بھی سڑک پر احتجاج

کراچی (پبلک پوسٹ )سی آئی اے پولیس کی حراست میں نوجوان کی ہلاکت ورثاء کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *