50 تک گنتی نہ آنے پرباپ کے تشدد سے 4سالہ بچی ہلاک

بھارتی ریاست ہریانہ میں ایک سنگ دل باپ نے 50 تک گنتی نہ آنے پر اپنی چار سالہ بیٹی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کردیا، واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 21 جنوری کو پیش آیا جب اترپردیش سے تعلق رکھنے والا کرشنا جیسوال گھر پر اپنی چار سالہ بیٹی کو پڑھا رہا تھا۔ گنتی نہ آنے پر وہ شدید غصے میں آ گیا اور بچی پر اس قدر تشدد کیا کہ وہ بیہوش ہو گئی۔ کچھ دیر بعد کرشنا بچی کو سرکاری اسپتال لے گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

ملزم نے اپنی بیوی کو فون پر بتایا کہ بچی سیڑھیوں سے گر کر ہلاک ہو گئی ہے تاہم جب ماں اسپتال پہنچی تو بچی کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات دیکھ کر اسے شک ہوا اور اس نے پولیس کو اطلاع کر دی۔

پولیس تفتیش کے دوران ملزم کرشنا جیسوال نے جرم کا اعتراف کر لیا۔

پولیس کے مطابق بچی اسکول نہیں جاتی تھی اور باپ ہی اسے گھر پر پڑھاتا تھا۔ غصے میں آ کر اس نے بچی کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اس کی موت واقع ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم اپنی اہلیہ اور تین بچوں کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہتا تھا۔ میاں بیوی نجی کمپنی میں ملازم تھے۔ ان کے تین بچے تھے جن میں سات سالہ بیٹا، دو سالہ بیٹی اور چار سالہ مقتولہ شامل ہے۔

Check Also

انکم ٹیکس کا چھاپہ، بھارتی ریئل اسٹیٹ ٹائیکون نے گولی مار کر خودکشی کر لی

بھارتی شہر بنگلورو میں ریئل اسٹیٹ گروپ، کونفیڈنٹ کے چیئرمین سی جے رائے نے محکمۂ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *