اسلام آباد : بارشوں کا نیا اسپیل پاکستان میں داخل ہونے کو تیار ہے، موسم سرما کے نئے اسپیل کے باعث مختلف اضلاع متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں آج رات سے موسم سرما کا نیا اسپیل داخل ہوگا، جس کے باعث مختلف اضلاع میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
اسپیل کے دوران 31 جنوری تک کوئٹہ، چاغی، نوشکی، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی اور ژوب میں بارش متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خستہ حال گھروں میں رہائش سے گریز کریں اور ندی نالوں کے قریب نہ جائیں جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات پر مبنی مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایس ڈی ایم اے آزادکشمیر نے یکم سے 3 فروری تک آزادکشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برفباری کی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
تیز ہواؤں اور برفانی طوفان کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کا خطرہ ہے، حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان بھی موجود ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ محکمے ہائی الرٹ رہیں گے، جبکہ ڈی ای اوز کے ذریعے 24 گھنٹے صورتحال پر نگرانی کی جائے گی اور ہائی رسک علاقوں میں ایمرجنسی سروسز اور ضروری آلات پہلے سے دستیاب رکھے جائیں گے۔
این ایچ اے اور دیگر متعلقہ محکموں کو پلوں اور سڑکوں کا معائنہ کرنے، نالوں اور ڈرینج سسٹمز کی نگرانی کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
مزید برآں، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آندھی، تیز ہواؤں یا گرج چمک کے دوران محفوظ عمارتوں میں پناہ لیں اور سولر پینلز، کھمبے اور ہوڑنگز محفوظ کریں۔ مسافروں کو لینڈ سلائیڈنگ اور ژالہ باری کے خدشات کے حوالے سے پیشگی آگاہی دی جائے گی تاکہ کوئی حادثہ نہ ہو۔
THE PUBLIC POST