آئی ایم ایف وفد کی آئندہ ماہ پاکستان آمد کا امکان، ایف بی آر کی کمزور کارکردگی بڑا چیلنج

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی آئندہ ماہ پاکستان آمد کا امکان ہے، جس میں ایف بی آر کی کمزور کارکردگی بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آئے گی۔

آئندہ ماہ کے وسط تک بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد پاکستان کے دورے پر آنے کا امکان ہے، جہاں وہ بجٹ 2026-27 کی تیاری اور ملک کے اہم معاشی اہداف پر تفصیلی مذاکرات کرے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے لیے سب سے بڑا چیلنج فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کمزور کارکردگی ہوگی، کیونکہ ٹیکس اہداف بار بار پورے نہ ہونے کی وجہ سے اس ادارے سے متعلق تشویش برقرار ہے۔

آئی ایم ایف وفد ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ریونیو میں اضافے کے لیے دباؤ برقرار رکھے گا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکس نظام اور انوائسنگ کے لازمی نفاذ پر بھی زور دیا جائے گا تاکہ ٹیکس وصولیوں میں بہتری آئے۔

علاوہ ازیں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، گردشی قرضہ کم کرنے کی حکمت عملی اور بجلی و گیس کے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ پر مشاورت بھی متوقع ہے۔

آئی ایم ایف وفد کے ساتھ نجکاری پروگرام اور سرکاری اداروں کی اصلاحات کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔ اس کے علاوہ گورننس، شفافیت اور کرپشن کے خلاف اقدامات پر بھی توجہ دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ریویو میں کارکردگی کی بنیاد پر آئی ایم ایف کی جانب سے نئی قسط کے اجرا کا فیصلہ کیا جائے گا، جبکہ اہداف پورے نہ ہونے کی صورت میں مزید شرائط عائد ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔

Check Also

فضا علی کی شوہر کے کپڑوں میں تصاویر وائرل، صارفین کے دلچسپ تبصرے

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ فضا علی ایک بار پھر سوشل میڈیا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *