سات سال، آٹھ ماہ اور چھ دن یعنی دو ہزار آٹھ سوسات روز تک پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی اپنے پاس رکھی، اتنی مُدت تک یہ اعزاز اپنے پاس رکھنے والا پاکستان پہلا ملک بن گیا اورگرین شرٹس کو یہ ٹرافی دلوانے والے کپتان سرفراز احمد اس منفرد ریکارڈ کے مالک بن گئے ہیں، 1998 میں اس ایونٹ کا آغاز ہوا تھا۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا یہ چیمپئنز ٹرافی کا نواں ایڈیشن بھی ہے، 18 جون 2017 کو پاکستانی ٹیم نے سرفراز احمد کی قیادت میں یہ ٹرافی جیتی تھی، پھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کو اپنے کیلنڈر سے یہ کہہ کر نکال دیا تھا کہ پچاس اوور کے ورلڈ کپ کی صورت میں میگا ایونٹ پہلے ہی اُن کے کلینڈر کا حصہ ہےمگرچار برس بعد یعنی نومبر 2021 میں آئی سی سی نے اس ایونٹ کو پھر سے بحال کرنے کا اعلان کیا۔
ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے سُپرد کی، سرفراز احمد کے بعد اس ٹائٹل کو سب سے زیادہ عرصے تک اپنے پاس رکھنے کا اعزاز آسٹریلیا کو حاصل ہے جس نے 2006 اور 2009 میں مسلسل دو مرتبہ رکی پونٹنگ کی قیادت میں فتح حاصل کی، آسٹریلیا نے یہ ٹرافی دو ہزار چار سو بائیس دن تک اپنے پاس رکھی تھی ، 2013 میں بھارت نے ایم ایس دھونی کی کپتانی میں چیمپئنز ٹرافی جیت کر آسٹریلیا اور رکی پونٹنگ کی حکمرانی کا خاتمہ کیا تھا۔
24 فروری 2025 کو بنگلادیش کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پانچ وکٹ کی شکست کے ساتھ ہی پاکستان بھی ایونٹ سے باہر ہوگیا اور یوں اُس کےمسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل حاصل کرنے اور مزید چار سال تک یہ ٹرافی اپنے پاس رکھنے کی اُمیدیں دم توڑ گئیں۔