مصطفیٰ عامر قتل کیس:مرکزی ملزم ارمغان کے جیل انتظامیہ پر سنگین الزامات

کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان نے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیشی کے دوران جیل انتظامیہ پر رشوت طلب کرنے کے سنگین الزامات عائد کر دیے۔ ملزم کا کہنا تھا کہ جیل میں مختلف سہولیات اور حتیٰ کہ عدالت میں پیشی کے لیے بھی پیسے مانگے جاتے ہیں۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس سمیت ارمغان کے خلاف درج چھ مقدمات کی سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت ملزم ارمغان نے عدالت کو بتایا کہ جیل انتظامیہ ہر چیز کے عوض رقم طلب کرتی ہے اور پیشی پر لانے کے لیے بھی پیسے مانگے جاتے ہیں۔

اس موقع پر عدالت میں موجود ارمغان کی والدہ جذباتی ہو گئیں اور اپنے بیٹے سے سوال کیا کہ کیا وہ اور وکیل بھی پیسوں کی لالچ میں اس سے ملنے آتے ہیں؟ جس پر ارمغان نے جواب دیا کہ اس کی والدہ اور وکیل کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں اور وہ ان کے بارے میں ایسی بات نہیں کر رہا۔

ملزم نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت کے دوران بھی اس کے بیان کو غلط سمجھا گیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے اہلخانہ یا وکیل کے بارے میں نہیں بلکہ جیل انتظامیہ کے حوالے سے بات کی تھی۔

دورانِ سماعت ارمغان کے وکیل خرم عباس ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمات کی منتقلی سے متعلق دائر درخواست پر حکم نامہ جاری کیا جائے۔

بعد ازاں عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس سمیت دیگر مقدمات کی سماعت 9 جون تک ملتوی کر دی۔ جیل انتظامیہ پر عائد الزامات کے حوالے سے تاحال متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Check Also

شیر شاہ سے لاپتہ ہونے والی دو کمسن کزن لڑکیاں بلوچستان سے بحفاظت بازیاب

کراچی: انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس نے شیر شاہ سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *