وزارت خارجہ کے دو افسران کو تنخواہوں اور الاونسز کی مد میں ڈبل ادائیگی کا انکشاف

اسلام آباد(پبلک پوسٹ)قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی ) کے اجلاس کے دوران وزارت خارجہ کے 2 افسران کو تنخواہوں اور الاونسز کی مد میں ڈبل ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے.

چیئرمین جنید اکبر کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزارت خارجہ سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی رکن ریاض فتیانہ نے سوال کیا کہ جو افسران ریٹائرمنٹ کے بعد باہر سیٹل ہوجاتے ہیں انہیں پنشن پاکستان کرنسی میں دی جاتی ہے یا فارن کرنسی میں؟ سیکرٹری خارجہ نے جواب دیا کہ انہیں پاکستانی روپے میں پینشن دی جاتی ہے۔

آڈٹ حکام نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے نادرا سے پی سی ڈبلیو اینڈ ای ایف اور ایف آئی جی او بی کی مد میں 991 ملین روپے وصول کئے، یہ رقم ری کنسائل نہیں ہوئی، اس کی ری کنسیلیشن ضروری ہے، آن لائن ویزہ پر 20 فیصد فیس کی رقم نادرا کے پاس آتی ہے پھر وہ ہمیں بھیجتا ہے۔

وزارت خارجہ حکام نے کہا کہ جب سے آن لائن ویزہ سسٹم آیا ہے نادرا ہمیں لم سم رقم دے رہا ہے،
چیئرمین کمیٹی نے ہدایت دی کہ آڈٹ حکام نادرا اور وزارت خارجہ کو بٹھا کر معاملہ حل کرے۔کمیٹی نے وزارت خارجہ سے معاملے پر ایک مہینے میں رپورٹ طلب کرلی۔

اجلاس کے دوران آڈٹ حکام نے وزارت خارجہ کے 2 افسران کو تنخواہوں اور الاونسز کی مد میں ڈبل ادائیگی کا انکشاف کیا اور بتایا کہ ایک افسر کو 33 مہینے اور ایک افسر کو 27 مہینے بیرون ملک تعیناتی کے باوجود ڈبل تنخواہ ملتی رہی۔

وزارت خارجہ حکام نے کہا کہ وہ ڈبل پیمنٹ سے لاعلم تھے، کمیٹی ممبران نے سوال اٹھایا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ان کے اکاؤنٹس میں پیسے جاتے رہے اور انہیں نہیں پتہ تھا۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے معاملے کی انکوائری کرنے کی ہدایت کردی۔

آڈٹ حکام نے بتایا کہ برلن میں مشن نے 97 ملین روپے قونصلر ریسیٹس کی مد میں اکھٹے کئے لیکن ایک سال تک حکومت کے خزانے میں جمع نہ کروائے، رقم جولائی 2018 سے جون2019 تک امپریسٹ اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے۔

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ یہ سسٹم کی غلطی ہے، چیئرمین کمیٹی نے سوال کیا کہ آڈٹ والے نہیں بتاتے تو آپ کو نہ پتہ چلتا؟ اس طرح سے آئندہ نہیں ہوگا، ہمارا انٹرنل آڈٹ ہوتا ہے اس کے بعد ایکسٹرنل آڈٹ ہوتا ہے۔کمیٹی نے معاملہ آئندہ کے لئے موخر کردیا۔

Check Also

عمران خان کو رہا کیے بغیر سیاسی استحکام ممکن نہیں، وزیراعلیٰ کے پی

پشاور(پبلک پوسٹ)وزیراعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ الزام ہے کہ ہمارے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے