حکومت پی آئی اے کی نجکاری 3 ماہ میں مکمل کرلے گی، علیم خان

اسلام آباد(پبلک پوسٹ)وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے تمام اقدامات آئندہ 3 ماہ میں مکمل کرلے ی۔عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت، نجکاری کمیشن نے اپریل 2024 میں کہا تھا کہ قومی ایئر لائن کے 51 فیصد سے 100 فیصد تک حصص کی فروخت کے لیے بولی لگائی جائے گی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کو 26 فروری کو بتایا گیا تھا کہ حکومت کی پی آئی اے کی نجکاری کی پہلی ناکام کوشش سے قومی خزانے پر 43 لاکھ ڈالر کا بوجھ پڑا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں خریداروں کی جانب سے عدم دلچسپی کی متعدد وجوہات تھیں جن میں نئے طیاروں کی خریداری پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس اور قومی ایئرلائن کے واجبات شامل ہیں۔وزارت نجکاری کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کو مزید پرکشش بنانے کے لیے نیا روڈ میپ فراہم کیا جا رہا ہے، توقع ہے کہ نجکاری کے اس عمل کے تمام مراحل اگلے 3 ماہ میں مکمل کر لیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں کے تمام خدشات کو دور کر دیا گیا ہے، جبکہ حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے دلچسپی رکھنے والے فریقین کی ترجیحات کے مطابق تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پی آئی اے منافع بخش بننے کی صلاحیت رکھتی ہے اور امید ہے کہ نجکاری کا عمل مزید بہتر ہوگا جس سے مجموعی عمل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس بار سرمایہ کاروں کی جانب سے زیادہ دلچسپی لینے کی توقع ہے کیونکہ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کے آغاز نے نجکاری کے ماحول کو مزید سازگار بنا دیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یورپ کے بعد اگلے 3 ماہ میں برطانیہ کے لیے پروازیں شروع ہو جائیں گی، یورپ اور برطانیہ کے بعد اگلے مرحلے میں امریکا کے لیے پروازیں فعال ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی ساکھ بحال کی جائے گی اور مثبت اقدامات کے ساتھ ایئرلائن کو اپنے عروج پر واپس لایا جائے گا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پی آئی اے اب بھی ایک بار پھر منافع بخش بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

Check Also

کراچی: واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر، حاملہ خاتون، شوہر سمیت جاں بحق، بچہ بھی دم توڑ گیا

کراچی (پبلک پوسٹ)کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ کے قریب واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے