کراچی:
لائنز ایریا میں نامعلوم افراد نے پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بناڈالا، واقعے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
پولیس کے مطابق اہل کار پر تشدد کرنے والے متعدد افراد موٹر سائیکل پر آئے تھے۔ ویڈیو میں سادہ لباس پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مشتعل افراد نے پولیس اہل کار کو لاتیں اور گھونسے مارے، دھکم پیل میں کپڑے بھی پھاڑ دیے ۔ اس کے بعد پولیس اہلکار کو زمین پر لٹا کر بھی مارتے رہے۔ واقعے کے دوران اہل محلہ نے بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش بھی کی۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکار پر تشدد ذاتی تنازع کی بنا پر پیش آیا۔ پولیس اہلکارکا نام محمد شہزاد ہے، جو بلوچ کالونی تھانے میں تعینات تھا۔ پولیس اہلکار شہزاد نے علاقے کے معزز افراد کے حوالے سے غلط معلومات فراہم کی تھیں۔ بلوچ کالونی تھانے میں تعینات پولیس اہلکار نے بریگیڈ تھانے کے معاملات میں غیر ضروری طور پر مداخلت کی ۔
پولیس اہلکار شہزاد کو کچھ عرصہ قبل شاہین فورس سے ہٹا کر بلوچ کالونی تھانے میں تعینات کیا گیا تھا۔