وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کی 13ویں ریڈ بک جاری کر دی
ملک بھر سے تعلق رکھنے والے 143 انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز شامل ہیں۔ ان ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز میں متعدد مقدمات درج ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ریڈ بک میں مختلف زونز کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز شامل ہیں۔ گوجرانوالہ زون کو سب سے زیادہ 70 ملزمان کی تلاش ہے، جبکہ اسلام آباد زون میں 25، لاہور زون میں 14، فیصل آباد زون میں 13 اور کراچی زون میں 10 انسانی اسمگلر مطلوب ہیں۔ اس کے علاوہ کوہاٹ زون میں 6، ملتان زون میں 3 جبکہ بلوچستان اور کے پی زون میں ایک، ایک انسانی اسمگلر انتہائی مطلوب قرار دیے گئے ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق 2023 کی ریڈ بک میں شامل انسانی اسمگلروں میں سے 51 کو اب تک گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔مزید بتایا گیاکہ انتہائی مطلوب ملزمان کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹس بلیک لسٹ کر دیے گئے ہیں، جب کہ بیرونِ ملک فرار انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرنے کے لیے ریڈ نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلروں کی گرفتاری ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ملک بھر میں آپریشن جاری ہیں۔