آزاد کشمیر حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے قائم وفاقی وزراء پر مشتمل سیاسی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) نے حکومت میں نہ بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیرِ اعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ، اور وزیرِ امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام شریک ہوئے۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کی قیادت کی، آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی سمیت مرکزی عہدیداران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ن لیگ آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل طارق فاروق، سینئر نائب صدر مشتاق منہاس اور بیرسٹر افتخار گیلانی سمیت سینئر قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر احسن اقبال، رانا ثنا اللہ اور انجیر امیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ آزاد کشمیر میں گورنس کا بحران پیدا ہوا، آزاد کشمیر کے عوام کی خوشحالی کے لئے تحریک عدم اعتماد میں ن لیگ شامل ہوگی، ن لیگ آزاد کشمیر میں حکومت میں نہیں اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عدم اعتماد میں ن لیگ پی پی پی کا ساتھ دے گی، پارٹی حکومت میں نہیں اپوزیشن میں ہوگی، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کمٹمنٹ جاری رہے گی، نئی حکومت انتخابات کروائے گی، مسلم لیگ ازاد کشمیر حکومت میں اقلیتی حصہ تھا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن پارلیمانی پارٹی نے کشمیر کمیٹی میں اہم سیاسی فیصلے کیے، موجودہ آزاد کشمیر سیٹ اپ کی نااہلی کی وجہ سے انتظامی گورننس اور ترقی کے مسائل پیدا ہوئے، آزاد کشمیر کے عوام کی خوشحالی کے لیے موجودہ سیٹ اپ میں تبدیلی ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں پی پی کو ووٹ دے گی، پاکستان مسلم لیگ ن تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد حکومت سازی میں حصہ نہیں لے گی، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں اپوزیشن کا کردار بھرپور ادا کرے گی اور عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرے گی، آزاد کشمیر میں بہتر گورننس یقینی بنائی جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا آزاد کشمیر کے ساتھ تاریخی تعلق مضبوط اور مستحکم ہے، ماضی میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے ریکارڈ قائم کیا، آج بھی پارٹی کا تعلق آہنی فولاد کی طرح مضبوط ہے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔
مسلم لیگ ن نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی تھی، سیاسی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ روز صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کا حتمی فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں ممکنہ نئی حکومت سازی کا حصہ نہیں بنے گی، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی جانب سے آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی پر بھی غور کیا جائے گا، سیاسی رابطہ کمیٹی آزاد کشمیر کی قیادت سے آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی کے حوالے سے تجاویز حاصل کرے گی۔
کمیٹی وزیرِ اعظم شہباز شریف کو وطن واپسی پر تفصیلی بریفنگ پیش کرے گی۔
THE PUBLIC POST