85 فیصد اضافہ منظور! سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

اسلام آباد (پبلک پوسٹ)سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ، حکومت نے ریلیف دینے کے لئے 85 فیصد اضافہ منظور کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اپنے ملازمین کو مہنگے کرایوں سے ریلیف دینے کے لیے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی کابینہ نے سمری سرکولیشن کے ذریعے منظوری دی ، یہ اضافہ گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام وفاقی ملازمین کے لیے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں نافذ ہوگا، جس سے قومی خزانے پرمجموعی طور پر 12 ارب کا اثر پڑے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے وفاقی کابینہ کو تجویز پیش کی تھی کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کرایوں میں اضافے کے باعث وفاقی ملازمین کے کرایہ الاؤنس میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔

وزارت نے بتایا کہ شہری علاقوں میں کرایوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور موجودہ الاونس میں سرکاری ملازمین کے لیے موزوں رہائش حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ آخری بار رینٹل سیلنگ میں ترمیم 28 ستمبر 2021 کو کی گئی تھی۔

وزارت نے نشاندہی کی کہ بیشتر ملازمین کو مناسب رہائش کے لیے اپنی جیب سے اضافی رقم ادا کرنا پڑتی ہے جبکہ سرکاری رہائش گاہوں کی شدید کمی بھی موجود ہے۔

فنانس ڈویژن نے بھی اس تجویز کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مارکیٹ ریٹس کے مطابق 85 فیصد اضافہ ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے وزارت کی سفارش پر کابینہ سے رول 17(1)(b) کے تحت منظوری حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

کابینہ کی منظوری کے بعد نئی رینٹل سیلنگز کے اطلاق سے وفاقی ملازمین کو مالی دباؤ میں نمایاں کمی اور مارکیٹ ریٹس کے قریب الاونس حاصل ہو گا۔

Check Also

بھارت پاکستان کے صدر، وزیراعظم، آرمی چیف والادل گردہ کہاں سے لائے گا؟ صدر زرداری

صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے صدر، وزیراعظم، آرمی چیف …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *