کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں پارکو کی پائپ لائن سے تیل چوری کی ایک اور واردات کا انکشاف ہوا ہے، جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منظم گروہ کی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس حکام کے مطابق اس کیس میں 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جو تیل چوری میں ملوث تھے۔ ملزمان نے تیل چوری کے لیے تقریباً 140 میٹر لمبی اور 17 فٹ گہری سرنگ بنا رکھی تھی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے تیل چوری میں استعمال ہونے والے کلپس، پائپس اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ سرنگ کی کھدائی کے لیے استعمال ہونے والے اوزار بھی پولیس کے تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے پارکو لائن کی سکیورٹی کو لاحق خطرات کا مؤثر سدباب کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
THE PUBLIC POST