سٹی کورٹ کراچی میں یوٹیوبر رجب بٹ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رجب بٹ اپنی ضمانت کی درخواست کی سماعت کے سلسلے میں عدالت پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت آمد پر بعض وکلاء نے یوٹیوبر رجب بٹ پر تشدد کیا، جس کے بعد عدالتی احاطے میں ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔ اس حوالے سے وکلاء رہنماؤں کا کہنا ہے کہ رجب بٹ نے عبوری ضمانت حاصل کرنے کے بعد ایک وی لاگ بنایا تھا، جس میں انہوں نے مدعی مقدمہ کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کیے، جس پر وکلاء برادری میں شدید ردعمل پایا گیا۔
واقعے کے بعد سٹی کورٹ میں وکلاء کی ہڑتال کے باعث رجب بٹ کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں ہو سکی، جس پر عدالت نے بغیر کسی کارروائی کے کیس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں بھی 13 جنوری تک توسیع کر دی ہے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی صورتحال پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ پولیس اور عدالتی حکام کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
THE PUBLIC POST