راولپنڈی: ہولی فیملی اسپتال میں زندہ نومولود کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری،انکوائری کمیٹی قائم

راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں مبینہ طور پر غفلت کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ڈاکٹرز نے ایک زندہ نومولود بچے کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق والدین نے بچے کے زندہ ہونے کی تصدیق کی، جس کے بعد نومولود کو فوری طور پر وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا۔

والدین کا کہنا ہے کہ بچے کی پیدائش گزشتہ روز ہوئی تھی اور اس کی حالت تشویشناک تھی۔ تاہم ڈاکٹرز کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا، جس میں میت لواحقین کے حوالے کرنے کی بھی تصدیق درج تھی۔ والدین کے مطابق جب انہوں نے بچے کو وصول کیا تو اس کی سانس چل رہی تھی اور آکسیجن ماسک لگے ہونے کے باوجود وہ واضح طور پر سانس لیتا دکھائی دے رہا تھا۔

واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچہ ایک ایسی طبی کیفیت کا شکار تھا جس میں سانس مدہم ہو جاتی ہے، جس کے باعث غلط فہمی پیدا ہوئی۔ انتظامیہ نے معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا میں اگر کسی بھی ڈاکٹر یا عملے کی غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ واقعے کے بعد اسپتال میں تشویش کی فضا پائی جاتی ہے جبکہ والدین نے اعلیٰ حکام سے انصاف اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Check Also

وزیراعظم کی خیبرپختونخوا میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *