بنگلہ دیش کی جگہ ورلڈ کپ میں کون سی ٹیم شامل کی جائے گی؟

کراچی: بنگلہ دیش نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے اس کی جگہ کون سی ٹیم شامل ہوگی؟

آئی سی سی کی جانب سے گزشتہ روز بنگلہ دیش کی اپنے ورلڈ کپ میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد آج بنگلہ دیش نے حتمی طور پر اپنی ٹیم کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی سی نے گزشتہ روز اجلاس کے بعد بنگلہ دیش کے اپنے فیصلے پر قائم رہنے کی صورت میں اس کی جگہ ٹورنامنٹ میں دوسری ٹیم شامل کرنے کا کہا تھا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی جگہ آئی سی سی اسکاٹ لینڈ کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں شامل کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے اسکاٹ لینڈ کو ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ ٹیم کی درجہ بندی پر کیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت کھڑا ہوا، جب گزشتہ ماہ ہندو انتہا پسند جماعت کے دباؤ پر مودی سرکار نے گھٹنے ٹیکے اور بی سی سی آئی کے حکم پر بنگلہ دیشی پیسر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نہ صرف نکالا گیا بلکہ اس دوران وہاں بنگلہ دیش کے خلاف احتجاج بھی سامنے آیا۔

اس صورتحال میں بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئی سی سی سے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔

دو ہفتوں سے اس حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان مذاکرات جاری تھے اور گزشتہ ہفتے آئی سی سی کے ساتھ بات چیت کے دوران، بی سی بی نے یہ بھی درخواست کی تھی کہ بنگلہ دیش کے گروپ کو آئرلینڈ جیسی ٹیم کے ساتھ تبدیل کر دیا جائے، جو سری لنکا میں اپنے تمام گروپ میچ کھیل رہی ہے۔ آئی سی سی نے اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط لکھ کر بنگلہ ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلی بار بیس ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں پانچ پانچ ٹیموں کے چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش گروپ سی میں شامل ہے۔

Check Also

کراچی میں فیفاگول پراجیکٹ کیبحالی کے لئے کام شروع

کراچی: پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کراچی میں فیفاگول پراجیکٹ کی بحالی کے لئے کام شروع …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *