کراچی: کراچی میں تقریباً 29 سال بعد مون سون کی بارشیں معمول سے انتہائی کم ریکارڈ کی گئی ہیں۔
رواں سال جیسی صورتحال سن 1997 میں بھی دیکھی گئی جب النینو فعال ہونے کے سبب کراچی مون سون کی بارشوں سے محروم رہا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ سیزن کے دوران اگست کے بعد ستمبر کے مہینے میں بھی کراچی میں بارش کے امکانات انتہائی کم ہیں۔
رواں ماہ (اگست) کے آخر تک کراچی میں بارش کے کسی سسٹم کی توقع نہیں کی جا رہی جبکہ ستمبر کے مہینے میں بھی کراچی میں مون سون کی بارشوں کے امکانات نہیں ہیں۔
کراچی میں بارشوں کا فقدان سمندر میں النینو کے فعال ہونے کے سبب ہے جبکہ بارشوں کا دوسرا ذریعہ سمندر میں بننے والا کم دباؤ ہے، ان سمندری سرگرمیوں کے تحت کراچی میں بارش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں تاہم بحیرہ عرب میں فی الحال ایسی کوئی بھی سرگرمی مشاہدے میں نہیں آرہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں مون سون کا دورانیہ 15 جولائی سے 15 ستمبر تک برقرار رہتا ہے، ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں مون سون کے سسٹمز کی آمد 30 ستمبر تک بھی جاری رہتی ہے۔
THE PUBLIC POST